سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
راولپنڈی ٹیکسلا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ کسی پارٹی کی دم پکڑ کر نہیں عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر قومی اسمبلی جانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ، اقتدار یا وزارت میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔ کسی سیاسی جماعت پر تنقید کرکے ووٹ نہیں لوں گا بلکہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لوں گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن میرے ہاتھوں میں پروان چڑھی اور میرا ن لیگ سے 35 سال کا پرانا تعلق رہا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 54 سالہ سےتعلق ہے، ہم اچھے دوست ہیں۔ اس وقت بانی پی ٹی آئی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر کے آخری ہفتے سے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اپنی انتخابی سرگرمیاں آغاز کیاتھا۔
چودھری نثار اپنے آبائی انتخابی حلقے این اے 53 سے انتخابی میدان میں اتریں گے، انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا پہلا جلسہ 23 دسمبر کو راجڑ کے مقام پر کیا تھا۔
گزشتہ سال نومبر کے آخر میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یہ اعلان کیا تھا کہ میں نے ہمیشہ عزت اور وقار کے ساتھ سیاست کی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی آزاد حیثیت سے ہی الیکشن میں حصہ لوں گا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 پر سابق لیگی رہنما اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔
جبکہ چودھری نثار کے مدمقابل این اے 53 پر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے غلام سرور خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے ہیں اور اسی حلقے سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے انجینئر قمرالاسلام کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئےہیں۔