پاکستانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بلے کا نشان واپس ملے گا یا نہیں، اس پر آج فیصلے کا امکان ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں بلے اور انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی آج مزید سماعت ہو رہی ہے، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی نے سماعت کررہے ہیں، گزشتہ روز الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکلا نے چھ گھنٹے تک دلائل دیے تھے۔
کیس میں الیکشن کمیشن سمیت 15 فریقین ہیں، جن میں سے صرف الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل مکمل ہوئے ہیں، آج 14 فریقین کو یا ان کے وکلاء کو سنا جائے گا۔
فریقین میں اکبر ایس بابر، راجہ طاہر نواز، نورین فاروق و دیگر شامل ہیں۔
سماعت شروع ہونے سے قبل پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ امید ہے آج عدالت جلد فیصلہ سنائے گی، آج تاریخی دن ہے اور اہم فیصلہ ہوگا، آج جمہوریت کی تاریخ کا اہم فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلا نہ ملا تو بھی تیار ہیں، لیکن فی الحال اس پر نہیں سوچنا چاہئے۔
چئیرمین پی ٹی بیرسٹر گوہر علی خان کہتے ہیں امید ہے آج فیصلہ آ جائے گا، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو سپریم کورٹ کیس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
سماعت شروع ہوئی تو کیس میں فریق جہانگیر کے وکیل نوید اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس حوالے سے آج سپریم کورٹ میں بھی کیس لگا ہے۔
جس پر جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ یہ بات کل ختم ہوچکی ہے، انہوں (پی ٹی آئی وکیل) نے بتایا کہ وہ وہاں کیس نہیں کررہے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اگر کل یہ نہ بتایا ہوتا تو ہم پھر پرسوں کی تاریخ دیتے۔
جس پر پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے ایک بار پھر سپریم کورٹ میں پرسوں کیس نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔