پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

امیدواروں کی فہرست چیئرمین کے سیکرٹریٹ سے ان کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے جاری کی ۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کی 7 اور صوبائی اسمبلی کی 13 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 192 کشمور پر میر شبیر علی بجارانی جبکہ این اے 200 سکھر سے نعمان السلام الدین شیخ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 232 زرتاش ملک اور این اے 233 پر ندا عاصم پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لیں گے جبکہ این اے 234 کی نشست پر محمد علی راشد پیپلز پارٹی کے نمائندے ہوں گے۔

اسی طرح کراچی کی ہی قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 پر سلیم مانڈوی والا اور این اے 250 خواجہ سہیل منصور پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

دوسری جانب جیکب آباد میں پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے جس کے بعد پی ایس 3 پر ٹکٹ نہ ملنے پر رہنما پیپلز پارٹی ممتاز جکھرانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

ممتاز جکھرانی کو منانے کے لیے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جیکب آباد پہنچے اور ان کے ہمراہ سابق صوبائی وزیر مکیش چاولہ، سردارچانڈیو، برہان چانڈیو و دیگر بھی تھے۔

ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ممتاز جکھرانی سے تفصیلی بات ہوئی، ان کا مؤقف چیئرمین بلاول بھٹو کے سامنے رکھیں گے جبکہ ممتاز جکھرانی کا کہنا تھا کہ میں اس حلقہ سے 2 بار منتخب ہوا ہوں اور ٹکٹ میرا حق بنتا ہے، ٹکٹ نہ ملنا ناانصافی ہے۔