الیکشن کمیشن نے بلے کا نشان دینے سے متعلق غور شروع کردیا

پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے یا بلے کا نشان دینے پر غور کرنا شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے یا بلے کا نشان دینے پر غور کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کے 22 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا بحال کر دیا تھا۔

عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں تحریک انصاف کو بلے کا نشان الاٹ کرنے اور انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم صادر کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ پی ٹی آئی بلے کے نشان کی حقدار ہے۔