پاکستان پیپلزپارٹی کے ر ہنما اور سابق رکن سندھ اسمبلی ممتاز جکھرانی عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہوگئے اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
پیپلزپارٹی نے جیکب آباد میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 3گڑھی خیرو پر ممتاز جکھرانی کے بجائے میر اورنگزیب پہنور کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پرپیپلزپارٹی کے رہنما ممتاز جکھرانی پارٹی سے ناراض ہوگئے۔
ممتاز جکھرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 40سال پیپلز پارٹی میں رہا،ٹکٹ تقسیم میں اہمیت نہیں دی گئی، جس بندے کو حلقے میں ٹکٹ دی گئی وہ یونین کونسل تک کی سیٹ نہیں جیت سکتا۔
انہوں نے ساتھ ہی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ ممتاز جکھرانی 2013 اور 2018 میں پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر رکن اسمبلی بنے تھے۔