نواز لیگ کے پنجاب میں 36 پارٹی امیدوار آپس میں قریبی رشتہ دار

پاکستان مسلم لیگ نواز  نے پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ جن میں 36 امیدوار ایسے ہیں جو رشتے میں باپ بیٹا، باپ بیٹی، شوہر بیگم، بھائی بھائی، ماں بیٹا، سسر داماد اور چچا بھتیجا ہیں۔

 لاہور سے میاں نواز شریف اور انکی بیٹی کو قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ اسی طرح شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز شریف بھی قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ 

مسلم لیگ نواز لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کو قومی اسمبلی اور ان کے بیٹے فیصل ایوب کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

لاہور سے افضل کھوکھر قومی اسمبلی اور انکے بھتیجے عرفان شفیع کھوکھر ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

ڈیرہ غازی خان سے سابق وزیر اویس لغاری اور ان کے بیٹے عمار لغاری کو راجن پور سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ ملا ہے۔ 

لاہور سے سابق وزیر خواجہ سعد رفیق قومی اور انکے بھائی سلمان رفیق صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مظفر گڑھ سے سابق وزیر سید باسط بخاری اور انکی بیٹی سیدہ شہر بانو بخاری کو میدان میں اتارا گیا ہے۔

 بہاولپور سے اقبال چنڑ کو قومی اسمبلی اور انکے بیٹے کے ظہیر اقبال چنڑ کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چودھری خالد جاوید وڑائچ کو قومی اور ان کے بیٹے عقبہ وڑائچ کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

جھنگ سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ پر یعقوب شیخ اور صوبائی ٹکٹ پر ان کی بیوی راشدہ یعقوب امیدوار ہیں۔ قصور سے راناحیات کو قومی اور ان کے بیٹے رانا سکندر کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہاڑی سے بیگم تہمینہ دولتانہ اور ان کے صاحبزادے عرفان عقیل دولتانہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

ڈیرہ غازی خان اور تونسہ سے امجد فاروق کھوسہ اور ان کے صاحبزادے عبدالقادر کھوسہ کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

لودھراں سے صدیق بلوچ کو قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے عمیر بلوچ کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ خانیوال سے سید محمد مختار حسین شاہ کو قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے محمد مرتضیٰ حسین کو صوبائی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 

شیخوپورہ سے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف قومی اسمبلی اور انکے بھائی میاں امجد لطیف صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ 

راجن پور سے سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو صوبائی اور ان کے چچا ریاض مزاری کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

 فیصل آباد سے رانا ثناء اللہ خان کو قومی اسمبلی اور انکے داماد رانا احمد شہریار کو صوبائی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔