لاہور: سانحہ نومئی میں ملوث متعدد نامزد اشتہاری ملزمان حماد اظہر، مسرت چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، کرامت کھوکھر اور دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جس پر پولیس نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے نو مئی کے مرکزی ملزمان کے کاغذات نامزدگی منظور جس پر انویسٹی گیشن پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اشتہاری ملزمان عدالت میں پیش ہوئے نہ شامل تفتیش ہوئے، اشتہاریوں کے انتخابی عمل میں حصہ لینے کو روکنے کی استدعا کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کاغذات منظوری کے بعد اشتہاریوں کو پارٹی ٹکٹ بھی دے دیا گیا ہے، کاغذات منظور ہونے پر پی ٹی آئی نے اشتہاری میاں اسلم اقبال کو ٹکٹ دیا، اشتہاری غلام محی الدین دیوان بھی پی ٹی آئی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی نے اشتہاری کرامت کھوکھر کو بھی ٹکٹ دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نومئی کے سنگین مقدمات میں اشتہاریوں کا انتخابات میں حصہ لینا خلاف قانون ہے، عدالت سے درخواست کریں گے اشتہاریوں کے کاغذات نامزدگی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو احکامات جاری کریں، الیکشن کمیشن رولز میں اشتہاری ملزمان کے الیکشن لڑنے کا کوئی ضابطہ موجود نہیں۔