انتخابی نشان الاٹ کرنے کاوقت10 بجے تک بڑھا دیا گیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کا انتخابی نشان جمع کرانے کا مقرروقت بڑھا دیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کیلئے مقرروقت میں توسیع 10 بجے تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل انتخابی نشانات الاٹ کرنے کیلئے مقررہ وقت 9بجے تک تھا۔

ترجمان الیکشن  کے مطابق امیدواروں کو آج انتخابی نشان الاٹ کر دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ”بلے باز ”کے پلان بی پر نیا حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق ایک شخص ایک سے زیادہ پارٹیوں کا رکن نہیں ہو سکتا ہےلہذا کوئی بھی پارٹی اپنا انتخابی نشان کسی کو نہ دے۔

جاری حکمنامہ میں کسی بھی پارٹی کے امیدوار کو کسی دوسری جماعت کا نشان دینے سے روک دیا گیا ہےاور کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت ایک امیدوار اپنی پارٹی سے وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کوپی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان بلے باز ہے۔

اس حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آر اوز اور ڈی آر اوز کے دفاتر میں جمع کرائیں۔

پی ٹی آئی نے بلے کا نشان نہ ملنے کی صور ت میں پلان بی پر عملدرآمد شروع کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کا انتخابی نشان بیٹس مین اپنے تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو جاری کردیا تھا۔

پی ٹی آئی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کوئی آپ کا ٹکٹ جمع نہیں کرتا توڈسٹرکٹ، صوبائی اور سنٹرل الیکشن کمیشن کو شکایت کریں۔

اپنی تحریری شکایت بھی ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کروائیں، اس کے علاوہ کہا گیا کہ پولیس کو درخواست دیں اور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کریں اور تمام ثبوت پارٹی کو بھی جمع کروائیں۔