الیکشن قریب آتے ہی انتخابی گہما گہمی شروع ‘سیاسی قائدین متحرک ‘ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز آج اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گی‘ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیرترین بھی میدان میں آگئے ‘.
این اے 149 ملتان سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیاجبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے خیرپور اور ڈیرہ مرادجمالی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا نہیں رہا، اب تیر اور شیر کا مقابلہ ہوگا‘شیر عوام کا خون چوستا ہے‘یہ کیسا شیر ہے جو گھر میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے‘یہ بزدلوں کا کردار ہوتاہے ‘لاہور سے بھی الیکشن لڑ رہاہوں،ان کے گھرمیں گھس کرماروں گا‘3بارکے ناکام وزیراعظم کوچوتھی بارمسلط کرنے نہیں دیں گے‘ن لیگ کے رہنماءخواجہ آصف کا کہنا ہے 8فروری کو ترقی کا سفردوبارہ شروع ہوگا‘ .
مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنماءراناتنویرحسین نے کہا کہ بلاول بھٹو ،شہباز شریف پر تنقید کرنے سے قبل اپنی پچھلی تقاریر سن لیں تا کہ انہیں یو ٹرن نہ لینا پڑے‘پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہاہےکہ انتخابات میں مداخلت کرکے نتائج بدلنے والے باز رہیں ‘ عوام کو اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کرنے دیں ‘ دھاندلی کی وجہ سے ملک کو دو بار بربادی کا سامنا کرنا پڑا‘.
جہانگیرخان ترین کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف سے ہٹ گئی مگرہم قائم ہیں ‘جنوبی پنجاب صوبہ ایک دن ضرور بنے گااوروہ ہم بنائیں گے جبکہ پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑونے عندیہ کیاکہ اگر 8 فروری کے انتخابات ملتوی کئے گئے تو ایم آرڈی طرز کی تحریک چلائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق اتوارکو انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ پرانے سیاستدان آج تک پرانی سیاست کررہے ہیں‘ ہم حکومت بنانے جارہے ہیں ‘تمام مسائل پر قابو پاکر ملک کو خوشحال بنائیں گے‘پنجاب کے مقابلے میں سندھ کو نظر اندار کیا جاتا رہا ہے‘ .
8 فروری کو الیکشن ہوگا 9 فروری کو ان لوگوں سے حساب لوں گا جن لوگوں نے سیلاب متاثرین کا حق مارا‘موجودہ صورتحال میں آپ کا 1500ارب روپے کا ٹیکس اشرافیہ کی جیب میں جارہا ہے‘شیر اپنے لانے والوں سے پھر لڑائی کرے گا۔
سیالکوٹ میں خواتین ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ چند لوگوں کی خاطر نوازشریف کو ہٹایا گیا،پھر ایسے شخص کو ملک کی باگ دوڑ تھما دی گئی جس نے تباہی مچادی‘اللہ نے اس نوسر باز سے ہماری جان چھڑا دی‘ مجھے روزہ رسول کی قسم عثمان ڈار کی والدہ والا معاملہ ہوا ہی نہیں تھا۔
مرید کے میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہناتھاکہ چند ماہ قبل شہبا زشریف کو پاکستان کا سب سے بہتر وزیر اعظم قرار دینے والے اب کس منہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں؟
بلے کی طرح فاشست جماعت پی ٹی آئی بھی ختم ہو کر رہے گی۔ تحریک عدم اعتماد کے دوران اگر عمران خان کامیاب ہو جا تا ہے تو آج شاید پاکستان دنیا کے نقشے پر نہ ہوتا۔واضح اکثریت کے باوجود اگر ملکی یکجہتی کی خاطر دیگر جماعتوں کو حکومت میں شامل کرنا پڑا تو ہم ایسی قربانی بھی دیں گے ۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہناتھاکہ میرا اور میرے دوستوں کا وہی موقف ہے جو 2018 کے عام انتخابات میں تھا لیکن پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہِل گئی ہے۔ہم مشکل کام میں ہاتھ ڈالیں گے کیونکہ وہ کام اس لیے نہیں ہو سکے کیونکہ وہ آسان کام نہیں ہیں، جو مشکل کام اب تک نہیں ہوئے ان کو کریں گے تو زیادہ فائدے ہیں ۔
مسلم لیگ(ن)کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کررہے ہیں ۔کوئٹہ میں مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہاکہ پشتون اور بلوچ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں ‘گورنر اوروزیر اعلیٰ اپنی اپنی باری پر پشتون اور بلوچ ہوں‘پاکستان میں پشتونوں کی تاریخی سرزمین دیگر اقوام پنجابی، سندھی اور بلوچ سے زیادہ ہے لیکن یہ سرزمین کئی ٹکڑوں میں منقسم ہے اور دیگر اقوام کے ساتھ انتظامی یونٹوں میں ہے جسے ملاکر پشتونخواصوبہ بنانا چاہتے ہیں ۔
پانچ قوموں کی مشترکہ فیڈریشن میں حقوق برابری کی بنیاد پر تقسیم کئے جائیں۔ پشتونوں کا حق حاصل کئے بغیر جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح اگر پھر مداخلت کی گئی کہ جیتنا کسی نے تھا اور آپ نے کسی اور کو جتوایا تو پھر میں کبھی الیکشن میں امیدوار نہیں ہونگا اب بھی میرا ارادہ نہیں تھا لوگوں نے مجبور کیاہے‘پارلیمنٹ نہ صحیح ہم اپنے دھرنوں کو دوام دینگے ‘چمن میں 80روز سے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، مملکت کے کان پر جو تک نہیں رینگی ‘ اپنے بچوں کو سن لیں اور یہ پاگل پن چھوڑیں۔