حیدرآباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے کہا ہےکہ افسران کھل کر ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں نیب آپ کو تنگ نہیں کرے گی۔
سندھ سیکرٹریٹ میں سول بیوروکریسی سے خطاب میں چیئرمین نیب نذیر احمد نے کہا کہ نیب کا مقصد مہذب انداز میں بدعنوانی کے مسئلے کا خاتمہ ہے نا کہ کسی کو ڈرانا، نیب کی طرف سے افسران کا میڈیا ٹرائل نہیں ہوگا، افسران کو یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ نیب آپ کو تنگ نہیں کرے گی لہٰذا افسران کھل کر ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب میں اصلاحات لارہے ہیں، انکوائری اور ویری فکیشن کے عمل کے دوران کسی بھی افسرکا میڈیا ٹرائل نہیں کیا جائے گا، نیب میں اب کوئی بھی فرضی یا گمنام نام درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا، درخواست گزار آئیں اور حلف نامے کے ساتھ درخواست جمع کرائیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ جانتے ہیں بیوروکریٹ کتنے پریشر میں کام رہے ہیں، نیب میں مقدمات ہونے کی وجہ سے تعمیری منصوبے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں جو نہیں ہونا چاہیے، منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں۔
چیئرمین نیب نے چیف سیکرٹری سندھ کے دفترمیں سہولت کاری ڈیسک کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران سندھ سیکرٹریٹ کے افسران کے خدشات اور شکایات کو مل بیٹھ کر فوری حل کرنے کی کوشش کریں گے۔