توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پر فرد جرم عائد ہو گئی، فردِ جرم کی کاپی بھی سامنے آ گئی۔
توہین الیکشن کمشنر کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی، بانی چیئرمین کے سامنے فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی، فرد جرم کے مطابق بانی چئیرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 12 جولائی ،18 جولائی ،27 جولائی اور 13 اگست 2022 کو چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کئے، بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو سکینڈلائز کرنے کی کوشش کی، بانی چیئرمین کی تقریر کے الفاظ اور رویہ توہین آمیز تھا۔
فرد جرم میں مزید لکھا گیا کہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو نفرت، تضحیک اور حقارت کا نشانہ بنایا، وہ آئین کے آرٹیکل 204، توہین عدالت آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت توہین کے مرتکب ہوئے، ان کی تقاریر کا ریکارڈ پیمرا سے حاصل کیا گیا، شواہد کی روشنی کی میں بانی چئیرمین پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مرتکب قرار پائے، آپ پر یہ تمام الزامات چارج شیٹ کیے جاتے ہیں۔
بانی چئیرمین پی ٹی آئی کو فرد جرم کی کاپی بھی مہیا کی گئی، انہوں نے فرد جرم کو غور سے سنا، انہوں نے فرد جرم پر دستخط کرنے اور صحت جرم سے انکار کیا۔
واضح رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر توہین الیکشن کمیشنر کیس میں فرد جرم رواں ماہ کی 3 تاریخ کو عائد کی گئی۔