الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کے دوران وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین اور اراکین الیکشن کمیشن میں گرما گرمی ہوگئی۔
’عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت رکن الیکشن کمیشن سندھ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔
پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے مؤقف اپنایا کہ ہمیں الیکشن کمیشن میں سماعت کا معلوم ہی نہیں تھا، سماعت سے متعلق کوئی نوٹس بھی نہیں ملا، ہمیں معلوم ہی نہیں تھا کہ الیکشن کمیشن نے جیل میں ٹرائل نہیں کرنا۔
رکن الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جیل میں گزشتہ سماعت میں تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا، شعیب شاہین نے کہا کہ یہ زیادتی ہے، تحریک انصاف کو لیول پلئینگ فیلڈ بھی نہیں مل رہی، ہمارے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
رکن الیکشن کمیشن بلوچستان نے کہا کہ ہمیں گالیاں نکالیں گے تو ہم آگے سے کچھ نہ کریں؟ اِس پر شعیب شاہین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم جماعتوں نے کیا کچھ نہیں کہا، انہیں تو کسی نے نہیں بلایا، عوم الیکشن کمیشن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔