لیگی سیاستدانوں کو پولنگ کے دن اپنے بچوں پر نظر رکھنے کی ہدایت

مسلم لیگ (نواز) کے ایک رہنما نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولنگ کے دن اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

سوشل میڈیا پر چکوال میں ہوئے مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک ن لیگی رہنما کہہ رہے ہیں کہ ’میں پانی جماعت کے لوگوں سے درخواست کروں گا کہ ہر ایک نے اپنے گھروں کو ضرور دیکھنا ہے ، خاص کر کے اپنے بچوں کو ضرور دیکھنا ہے کہ ہمیں نقصان کہیں اپنے گھر سے نہ ہو جائے‘۔

میٹنگ کے شرکاء سے مخاطب شخص نے کہا کہ ’اس چیز کو ہمیں اپنے دھیان میں رکھنا ہے کہ آنے والی جو نئی نسل ہے، وہ ان پچھلے کچھ چار سالوں میں غلط راہ پر چل پڑی ہے ان کو لائن پر لانا ہے، ان کے ووٹ اگر جماعت کو مل گئے تو کوئی اور طاقت نہیں ان کو ہرانے میں‘۔

ایکس پر گردش کرنے والی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا تھا، ’مسلم لیگ ن چکوال کے چھ ٹکٹ ہولڈر ایک صوفے پر بیٹھے تھے اور سب کو کہا جا رہا تھا کہ وہ نظر رکھیں۔ ان کے بچے گھر پر رہیں، یہ ہمیں شکست دیں گے‘۔

ڈان نیوز نے چکوال سے تعلق رکھنے والے صحافی نبیل انور ڈھکو کے حوالے سے بتایا کہ مقامی ن لیگی رہنما حاجی نذیر سلطان نے یہ مشورہ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر اور پی پی 20 کے امیدوار چوہدری محمد سلطان حیدر علی خان کی چکوال رہائش گاہ پر ایک اجتماع کے دوران دیا۔