عام انتخابات 2024ء میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور پرویز الٰہی نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی درخواستیں دے دیں۔
جیلوں میں قید افراد عام انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں، اس سلسلے میں سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی پوسٹل بیلٹ ہی کے ذریعے سینٹرل جیل اڈیالہ سے ووٹ کاسٹ کریں گے ۔
سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے مجموعی طور پر 145 اسیران نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کرنے کی لیے درخواستیں دی ہیں۔ اس سلسلے میں جیل انتظامیہ سے رجوع کرنے والوں میں جیل میں قید اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔
سینٹرل جیل اڈیالہ انتظامیہ نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کی خواہش رکھنے والے اسیران کو درخواست دینے کے لیے 22 جنوری تک کا وقت دیا تھا، تاہم اسیران کو زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کرنے کے لیےمجاز اتھارٹی کی منظوری سے اضافی وقت بھی دیا گیا ۔
مقررہ وقت ختم ہونے تک 145 اسیران جن میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان،شاہ محمود قریشی ،شیخ رشید احمد اور چودھری پرویز الٰہی بھی شامل ہیں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے والے تمام اسیران کی درخواستیں و تفصیلات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوائی جائیں گی۔
اسیران کے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پولنگ میٹریل ،بیلٹ پیپر و بیلٹ وغیرہ پہنچنے پر پولنگ ڈے سے ایک دن قبل جیل میں پولنگ اسٹیشنز و پولنگ بوتھ بناکر اسیران کو ووٹ پول کرنے کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ ووٹنگ و پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام کاسٹ شدہ ووٹ و میٹریل سربمہر پیکٹ میں سخت سکیورٹی میں ڈسڑکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوایا جائے گا۔ پوسٹل بیلٹ کی گنتی و نتائج الیکشن کمیشن میں ہی مرتب ہوں گے۔