وزارت داخلہ نے عام انتخابات کے دوران فوج، سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج،سول آرمڈ فورسز کو بطور کوئیک رسپانس فورس سکیورٹی کیلئے تعینات کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی 5 سے 12 فروری 2024 تک کیلئے ہوگی۔
خیال رہےکہ وفاقی وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں سکیورٹی فراہمی کے لیے پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھجوائی تھی۔
سمری کے مطابق 2 لاکھ 77 ہزار پاک فوج کے افسران و اہلکار الیکشن میں تعینات ہوں گے،اس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی عام انتخابات میں تعینات ہوں گے۔
بعد ازاں نگران وفاقی کابینہ نے عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہونا ہے جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی محکموں کے فنڈز بھی منجمد کردیے ہیں۔