کاغذات نامزدگی مسترد: پرویز الہٰی، صنم جاوید اور شوکت بسرا کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی، پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید اور شوکت بسرا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی نے درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچز تشکیل دے دیے۔

پرویز الہٰی

سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے جمعے کے روز مقرر کی۔

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل پرویز الہٰی کی اپیل پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے پرویز الہٰی کے وکلاء کو نوٹس جاری کردیا۔

صنم جاوید

دوسری جانب سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت بھی بینچ میں شامل ہیں۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے صنم جاوید کے وکلاء کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ صنم جاوید نے قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے سے کاغذات جمع کرائے تھے، ریٹرننگ افسر نے صنم جاوید کے کاغذات مسترد کردیے تھے، جس کے بعد الیکشن ٹربیونل اور ہائیکورٹ نے بھی فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید نے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

صنم جاوید نے لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن ٹربیونل کی جانب سے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی تھی۔

صنم جاوید کے این اے 119، این اے 120 اور پی پی 150 سے کاغذات مسترد ہوئے تھے۔

دوسری جانب این اے 163 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت بسرا نے بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، اپیلوں میں ٹربیونلز کے فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

شوکت بسرا

اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں این اے 163 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت بسرا کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

شوکت بسرا کی اپیل پر سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل کرے گا۔

بینچ میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت میں شامل ہیں جبکہ عدالت نے نوٹس جاری کردیا۔