گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما فہمیدہ مرزا نے انتخابی نشان کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
فہمیدہ مرزا نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میرا تعلق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے ہے اس کا نشان ستارہ ہے، الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ نشان الاٹ کرنے کی مدت گزر چکی، جی ڈی اےکو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے فہمیدہ مرزا کی درخواست پر سماعت کی جس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ نشان تو بہت سے امیدواروں کو نہیں ملے تو ہم کیا کرسکتے ہیں، الیکشن پٹیشن ہم نے سنی بھی اور منظور بھی کی، نشان سے متعلق درخواست کی سماعت کا دائرہ اختیار حیدرآباد سرکٹ بنچ کا ہے۔
فہمیدہ مرزا کے وکیل شہاب سرکی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے، فوری سماعت نہ ہوئی تو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔
عدالت نے کہا کہ کچھ دیر بعد سماعت کرکے دیکھتے ہیں کہ کیا کیا جاسکتا ہے؟