پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے حق میں دستبردار

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 کے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف ابڑو نے ملاقات کی ہے۔سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے کہا کہ ہم ساتھ مل کر شیر کا راستہ روکیں گے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 61 پر کھڑے ہونے والے امیدوار انور جتوئی پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

انور جتوئی پی ایس 61 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جنہوں نے شرجیل میمن کے حق میں دستبردار ہونے اور پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

انور جتوئی نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے شرجیل میمن کی کامیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انور جتوئی کے علاوہ  پی ٹی آئی کے ایک اور امیدوار محرم خان بھی پی پی امیدوار طارق شاہ جاموٹ کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

محرم خان نے کہا کہ ہم پرکسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اور خوشی سے پیپلز پارٹی امیدوار کے حق میں دستبردار ہورہے ہیں۔سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے محرم خان اور انور جتوئی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔