الیکشن کمیشن نے انتخابات 2024 کیلئے حتمی پولنگ اسکیم جاری کردی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ انتخابات کے لیے حتمی پولنگ اسکیم جاری کردی، پولنگ اسکیم میں تمام حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات اور رجسٹرڈ ووٹرز کا ڈیٹا شامل ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسکیم ریٹرننگ افسران کو ارسال کر دی گئی، پولنگ اسکیم تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔

پولنگ اسکیم میں تمام حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات اور رجسٹرڈ ووٹرز کا ڈیٹا شامل ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقوں کی پولنگ اسکیم جاری کردی، جس میں خیبرپختونخوا کے قومی اسبلی کے 45 جلقے، پنجاب کے قومی اسمبلی کے 141حلقے اور سندھ کے 61 حلقے شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں کی اسکیم بھی جاری کردی۔

اس طرح پنجاب کے صوبائی اسمبلی کے 297 حلقوں، سندھ اسمبلی کے 130 حلقوں، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 115 حلقوں اور بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقوں کی حتمی پولنگ اسکیم بھی جاری کردی گئی۔

ان نشستوں پر 8 فروری کو ملک بھر سے 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز آئندہ پانچ سال کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے یا پولنگ اسٹاف کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا ریٹرننگ افسر کی سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کا نوٹس

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی پی 178 قصور کے ریٹرننگ افسر کی سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کا نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے اسسٹنٹ کمشنر قصور کے خلاف چیف سیکرٹری پنجاب کو کارروائی کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو معطل کر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے اور افسر کے خلاف ضابطہ کی خلاف ورزی پر انکوائری کی ہدایت کی ہے۔

مذکورہ افسر کی جگہ عبدالحفیظ بقاپوری ریٹرننگ افسر مقرر کردیا گیا ہے۔