آزاد کشمیر میں بارش برفباری، جنگلات میں لگی آگ بجھ گئی آزاد کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری خشک سالی کا راج بھی ختم

آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس کے باعث وادی لیپہ اور وادی نیلم کے جنگلات میں لگی آگ بجھ گئی ہے۔

بارش سے آزاد کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری خشک سالی کا راج بھی ختم ہوگیا ہے۔

بارش اور برفباری کے باعث آزاد کشمیر کے شہری اور دیہی علاقےسردی کی لپیٹ میں ہیں۔

وادی لیپہ، وادی نیلم اور جہلم ویلی کی بلند چوٹیوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ فضا میں چھائی آلودگی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔

موسم سرد ہونے کے بعد مظفرآباد شہر اور نواحی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑی ہیں، سردی میں اچانک اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔