ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے،آج گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اورآزاد کشمیر میں برفباری کاامکان ہے۔
مری میں سیزن کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا، خشک سردی کے بعد برفباری شروع ہو چکی ہے، مری کا درجہ حرارت منفی دو تک پہنچ گیا ہے، آئندہ 36 اور 72 گھنٹوں میں مزید برفباری ہونے کا امکان ہے۔
مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 سہولیات سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں، ڈی سی مری نے سیاحوں کیلئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیاح گاڑیوں کو فٹ رکھیں اور خشک میوہ جات اپنے ہمراہ لائیں۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خطہ پوٹھوہارمیں بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے، پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں دھند رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد اور گر دو نواح میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوئٹہ، زیارت، چمن اور گردونواح میں بارش جبکہ زیارت میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش، مری اورگلیات میں بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہلم، گجرات سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کو ہلکی بارش کا امکان ہے جس کے سبب سردی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں پیر اور منگل کو کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، بارش کی وجہ سے پیر کو کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے موسم کے پیشِ نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات کر دی ہیں۔وادی نیلم کے بالائی علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں، لوات بالا، جاگراں ویلی اور شونٹھر ویلی خوبصورت مناظر پیش کر رہی ہیں۔