ہم نومئی والے نہیں 28 مئی والے لوگ ہیں ، ہمارا کسی جماعت سے مقابلہ نہیں ،مریم نواز

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی خاطر نہیں صرف قوم کی خاطر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں کہ قوم اس وقت مسائل سے دو چار ہے۔

لاہور انارکلی میں ن لیگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، نواز شریف قوم کا خدمت گزار ہے نواز شریف جب آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے ملک ترقی کرتا ہے آٹا سستا ہوتا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، ہم نومئی والے نہیں 28 مئی والے لوگ ہیں دونوں تاریخوں میں بڑی تاریخ موجود ہے، جو ظلم اور جبر زیادتی ہمارے ساتھ ہوئی وہ کسی کے ساتھ نہیں ہوئی، اگر ہم آج بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو صرف قوم کی خاطر، تکلیف ہے تو صرف مہنگائی کی، بجلی کے زائد بلوں کی، لاہور میں پانچ سال گھس بیٹھیے آگئے جنہوں نے لاہور کو تباہ کردیا۔

مریم نواز نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو لاہور میں ہر سال نیا منصوبہ آتا تھا اب یہاں کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام مجھے سے وعدہ کریں کہ انتخابات میں کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا اور نواز شریف کو ووٹ ڈالیں گے۔