پشاور کے حلقہ این اے 32 پر 20 سے زائد امیدوار میدان میں ہے جبکہ حلقے میں ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 88 ہزار ہے جہاں 301 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
حلقہ این اے 32 پر 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا امیدوار کامیاب ہوا تھا جبکہ دوسرے نمبر اے این پی کے غلام بلور تھے، اب 2024 عام انتخابات میں اے این پی کے غلام بلور، پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار آصف خان، پی پی پی کے عابد اللہ، ن لیگ کے شیر رحمان اور جماعت اسلامی کے طارق متین میدان میں ہیں لیکن اے این پی اور پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع ہے کیونکہ یہ حلقہ اے ین پی اور پی ٹی آئی کا گڑھ ہے۔
اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 88 ہزار 973 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 420 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 553 ہے جس کے لیے مجموعی طور پر 301 پولنگ اسٹیشنز اور 1 ہزار 121 پولنگ بوتھ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خواتین کے لیے 646 اور مردوں کے لیے 657 پولنگ بوتھ ہوں جبکہ حلقہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 191، گورنمنٹ پرائمری سکول زرگر آباد میں سب سے زیادہ 3 ہزار 237 ووٹرز ہیں جبکہ پولنگ سٹیشن نمبر 15 گورنمنٹ گرلز میڈل اسکول زریاب کالونی میں سب سے کم 894 ووٹرز ہیں۔
اس حلقے میں شاہین مسلم ٹاؤن، زرگر آباد، یکہ توت، گلبہار، نمکمنڈی اور اندروں شہر کےعلاقوں کو اہمیت حاصل ہے۔