اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے نتائج کے اجرا سے متعلق طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی ہے اور مختلف ڈیوائسز کی خریداری کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے نتائج کے اجرا کے حوالے سے 850 سے زائدموبائل انٹرنیٹ ڈیوائسز کی خریدار ی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ملک بھر سے 859 ریٹرننگ افسران کو الیکشن مینجمینٹ سسٹم (ای ایم ایس) سے منسلک کردیا جائے گا۔
انتخابی نتائج کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ای ایم ایس سسٹم کی کنیکٹوٹی کے لیے ریٹرننگ افسران کو انٹرنیٹ ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی اور ریٹرننگ افسران ای ایم ایس سسٹم کے ذریعے الیکشن کمیشن کو حلقے کے نتائج فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے نتائج موبائل ڈیٹا کے ذریعے ای ایم ایس کے تحت آر او کو بھجوائیں گے، پریزائیڈنگ افسران انٹرنیٹ کنیکٹوٹی کے لیے موبائل ڈیٹا کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
کمیشن نے واضح کیا کہ موبائل ڈیٹا کی عدم دستیابی پر پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن کے نتائج ذاتی حیثیت میں ریٹرننگ افسران تک پہنچائیں گے، پریزائیڈنگ افسران پولنگ کے روز رات دو بجے یا اگلے روز صبح 10بجے تک نتائج آر او کو بھجوانے کے پابند ہوں گے۔