الیکشن کے دن موسم کیسا رہے گا؟

پاکستان میں انتخابات کے مہینے کا آغاز ہوگیا ہے اور اب سے 7 دن بعد پاکستان میں اگلی حکومت کو منتخب کرنے کے لیے عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کے دن کا درجہ حرارت تو سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کارکنوں کے درمیان کشیدگی یا سیاسی درجہ حرارت کو بڑھنے نہ دیں لیکن ووٹرز کے لیے درجہ حرارت یا دیگر موسمی حالات کا انحصار قدرت پر ہے۔

موسم کا حال بتانے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 8 فروری کو دن میں درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اس دن دھوپ بھی زیادہ نکلی ہوئی ہوگی اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔

بڑے شہروں کی بات کی جائے تو انتخابات والے دن کراچی میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 27 جبکہ مجموعی طور پر 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں 8 فروری کو دن میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور اس دن شہر میں دھوپ بھی واضح نکلی ہوئی ہوگی۔

پشاور میں 8 فروری کو درجہ حرارت کے بارے میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ کی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔

ملتان کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ انتخابات والے دن درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا اور مطلع تھوڑا ابر آلود ہوسکتا ہے۔

حیدرآباد میں انتخابات والے دن گرمی کی شدت نہ ہونے کے برابر ہوگی تاہم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔