پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ مخلوط حکومت بنی تو پی ٹی آئی یا ن لیگ میں سے کسی کا ساتھ نہیں دوں گا، عمران خان اور نواز شریف پرانی سیاست کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ جمہوریت اور ریاست کو اپنی ذاتی انا کی وجہ سے نقصان پہنچاتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کردار سے پہلے سے مایوس تھا، میاں صاحب کے کردار سے سخت مایوس ہوں، اس لیے آج کل ہمارے فاصلے کافی واضح ہیں، اگر میاں صاحب نے پرانی سیاست کرنی ہے تو میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتا، ہم انتخابات اور جمہوریت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کی اکثریت پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نہیں ہیں، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کو آزاد امیدواروں کا ساتھ مل سکتا ہے، ہم ایک نئی سوچ اور جذبےکے ساتھ ملکی نظام کو بہتری کی جانب لے جانا چاہتے ہیں، حکومت ملی تو میری حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہوگا۔