پاکستان مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پنجاب میں بہ آسانی 100 سے زائد نشستیں حاصل کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں اتحادیوں کے ساتھ ایڈجسمنٹ کی ہے، یہ اتحاد قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کر لے گا۔
پیپلز پارٹی سے ممکنہ اتحاد سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا حکمران اتحاد میں شامل ہونا یا نہ ہونا انتخابی نتائج پر منحصر ہو گا، لیکن بلاول بھٹو نے کشتیاں جلا دی ہیں۔
یاد رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت بنی تو پی ٹی آئی یا ن لیگ میں سے کسی کا ساتھ نہیں دوں گا، عمران خان اور نواز شریف پرانی سیاست کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ جمہوریت اور ریاست کو اپنی ذاتی انا کی وجہ سے نقصان پہنچاتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کردار سے پہلے ہی مایوس تھا، میاں صاحب کے کردار سے سخت مایوس ہوں، اس لیے آج کل ہمارے فاصلے کافی واضح ہیں، اگر میاں صاحب نے پرانی سیاست کرنی ہے تو میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتا، ہم انتخابات اور جمہوریت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔