موسمی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر ملک کی 7 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر نجی ائیر لائن کی مسقط سے لاہور کی پرواز سیالکوٹ منتقل کی گئی جب کہ ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث گلگت اسکردو کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ہفتے کو اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، آپریشنل وجوہات، نجی ائیر لائن کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہےجب کہ نجف لاہور کی غیرملکی ائیرلائن کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
آپریشنل وجوہات کی بناء پر برٹش ائیرویز کی اسلام آباد سے لندن کی پرواز شیڈول سے 24 گھنٹے کی تاخیر سے آج صبح 7 بجے روانہ ہوئی، کوئٹہ دبئی کی پرواز بھی گزشتہ 22 گھنٹے سے روانہ نہ ہوسکی۔
اس کے علاوہ کوئٹہ ائیرپورٹ منیجر کے مطابق دبئی سے پرواز کی شیڈول پر روانگی کے وقت کوئٹہ میں موسم شدید خراب ہو گیا تھا، تیز ہواؤں کی وجہ سے طیارہ ٹیک آف نہ کرسکا جس کے بعد آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر روانگی روکی گئی اور یوں مختلف وجوہات کی بنیاد پر ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر آمد و روانگی کی 25 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔