ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے: صدر مملکت  اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے اور  نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانور قربان کیے جارہے ہیں۔

ملک کے طول و عرض میں چھوٹے بڑے شہر اور قصبے میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا جارہا ہے، سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کی جارہی ہے۔

نماز عید کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل  عاصم منیر نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہیں۔

صدر مملکت  اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام  

صدر مملکت آصف زرداری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی،محبت،بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ہمیں بطورقوم ایک دوسرے کا سہارا بن کرپاکستان کو ایک عظیم اورخوشحال ملک بنانا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے،قربانی اوراتحاد کے جذبے کی ضرورت ہے۔ قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔بھارتی حملے پر قوم کا اتحاد دشمن کے لیے واضح پیغام تھا،عید کی خوشیوں میں فلسطینی بھائیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہ بھولیں۔

 فیلڈ مارشل عاصم منیرکی عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبار کباد

فیلڈمارشل سیدعاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،ائیر چیف،نیول چیف نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبار کباد دی ہے۔

آئی ایس پی آر کی  جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل استقامت کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، تمام بہادر افراد،افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنےوالےاداروں اور جری شہریوں کی قربانیوں کوقدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں۔عیدالاضحیٰ قربانی،اتحاد اور غور و فکرکامقدس موقع ہے۔ اللہ کرے یہ بابرکت موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دے اور اس ملی یکجہتی کو مضبوط کرے۔