پاکستان بار کونسل نے کہا کہ سیاسی انتشار سمیت پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی کے الزامات سے سخت پریشان ہیں۔
پاکستان بار کونسل کے جاری اعلامیہ کے مطابق انتخابی عمل کی سالمیت اور شفافیت اس کے نتائج کے ساتھ ساتھ ساکھ بھی کھو چکی ہے، سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایک آزاد کمیشن کے قیام کیلئے کام کریں، ایسا کمیشن بنایا جائے جو تمام سیاسی جماعتوں کیلئے قابل قبول ہو۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کمیشن منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے بہت ضروری ہے، کمشنر راولپنڈی کے الزامات اور انکشافات نے انتخابی عمل سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، پاکستان بار کونسل ان الزامات کی مکمل تحقیقات کی فوری ضرورت پر زور دیتی ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ میں پاکستان بار کونسل نے چیف الیکشن کمشنر کی کارکردگی اور ساکھ کے حوالے سے اپنے سابق خدشات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا افسوس کے ساتھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر بارے ہمارے خدشات کو نظر انداز کیا گیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہمارے خدشات نظر انداز کرنے کے نتیجے میں موجودہ سیاسی بحران میں اضافہ ہوا، چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ موجودہ بحران کو ٹال سکتا تھا، پاکستان بار کونسل مخصوص جماعتوں کے ساتھ اتحاد کیلئے آزاد امیدواروں پر جبر کی مذمت کرتی ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہر آزاد امیدوار کو غیر ضروری دباؤ یا مداخلت کے بغیر اپنی وابستگی کا انتخاب کرنے کی آزادی ہونی چاہئے، پاکستان بار کونسل نے سلمان اکرم راجہ اور فواد چودھری کی گرفتاری کی بھی مذمت کی۔