190 ملین پاؤنڈ منتقلی کیس: عمران اور بشریٰ بی بی کیخلاف آج بھی فردجرم عائد نہ ہوسکی

190 ملین پاؤنڈ منتقلی کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان  اور اہلیہ بشری بی بی کے خلاف آج بھی فردجرم عائد نہ ہوسکی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں  احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس پر سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی کمرہ عدالت میں ڈھائی ہفتے بعد اہلیہ بشری بی بی سے ملاقات ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے اہلیہ ملاقات کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے روسٹرم پر آکر کہا کہ انہیں ڈینٹسٹ سے چیک اپ کرانا ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹرز موجود ہیں، آپ چیک اپ کروالیں۔

اس پر عمران خان نے کہا کہ سات مہینے ہوگئے، ایک باربھی ڈاکٹرکے پاس نہیں گیا، جیل کا ڈاکٹر کہیں میرے دانت ہی نہ نکال دے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست کی۔ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی کیلئے 27 فروری کی تاریخ مقرر  کردی۔