ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید و جرمانہ : ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ، ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو 2 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنانے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو توہین عدالت کے مرتکب قرار دیدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل کیلئے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈی سی اسلام آباد ایک ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، ایک ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نا ہوا تو ڈی سی اسلام آباد کو جیل بھجوایا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو 6 ماہ قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی جبکہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو 2 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔