پی ٹی آئی کی انتخابی نتائج کی دستاویزات کیلئے درخواستیں، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری : سماعت 7 فروری تک ملتوی

پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی الیکشن کے نتائج کی دستاویزات کی فراہمی کے لیے درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد نے تیمور جھگڑا، کامران بنگش، محمود جان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے سوال کیا کہ آپ فارم 45 مانگ رہے ہیں؟

درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ جی! ہم وہی مانگ رہے ہیں اور نہیں دیا جا رہا، الیکشن کمیشن جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ فارم آر اوز کے پاس ہیں، آر اوز کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نہیں ہیں۔

عدالت نے سوال کیا کہ آپ کو نتائج کی مصدقہ کاپیاں چاہئیں؟

درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ جی! مصدقہ دستاویز کے بغیر ہم الیکشن ٹریبونل میں نہیں جا سکتے۔

عدالتِ عالیہ نے درخواستوں کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی۔