نواز شریف، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت : 19 مارچ کو تفتیشی افسر کو طلب، حسن نواز اُور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا چاہتے ہیں، عدالت سے رجوع

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت شروع ہو گئی۔

توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کر رہے ہیں۔

نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح، پلیڈر رانا عرفان، پراسیکیوٹر عثمان مسعود احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر عثمان مسعود نے عدالت سے استدعا کی کہ تفتیشی افسر بتائے گا کہ توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق رپورٹ کیا ہے، تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر دیں۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر دیتے ہیں، ملزمان کون ہیں؟ حاضری لگوا لیں۔

اس کے ساتھ ہی احتساب عدالت نے حکم دیا کہ 19 مارچ کو تفتیشی افسر کو طلب کیا جاتا ہے۔

نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس پر درخواستیں دائر کرنا چاہتا ہوں، حسن نواز اور حسین نواز سے متعلق درخواستیں ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن نواز اور حسین نواز اشتہاری ہیں، ان دونوں کارواں ماہ 12 مارچ کو پاکستان آنے کا پلان ہے۔