باپ کی بچوں کے ساتھ خود سوزی، جھلسنے والا آخری بچہ بھی دم توڑ گیا

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گزشتہ دنوں باپ کی بچوں کے ساتھ خود سوزی کے واقعے میں جھلسنے والا آخری بچہ بھی دم توڑ گیا۔

گزشتہ دنوں نارتھ کراچی میں باپ نے بچوں کے ساتھ خود سوزی کی تھی۔

واقعہ کے بعد جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔

واقعہ میں والد اور دو بچے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے تاہم اب جھلسنے والا 3 سالہ غلام حسین بھی دوران علاج چل بسا۔

ریسکیوحکام کے مطابق غلام حسین کے انتقال کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

یاد رہے کہ 6 مارچ کو شہر قائد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں نیو کراچی فائیو سی فور گراؤنڈ میں عارف نامی شخص نے تین بچوں کے ساتھ خود کو آگ لگا لی تھی

جس کے بعد والد سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دم توڑ گیا تھا جب کہ جھلس کر زخمی ہونے والے بچے زیر علاج تھے لیکن باپ کے بعد مزید دو بچوں کا انتقال ہوا اور اب تیسرا بچہ غلام حسین بھی دنیا سے رخصت ہوگیا۔

انتہائی قدم اٹھانے والا شہری عارف فروٹ کا ٹھیلا لگاتا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں 23 جنوری کو بھی وائر لیس گیٹ کے پاس اسی طرح کا دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، جہاں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں فلک ناز اپارٹمنٹ کے رہائشی احسن رضا رضوی نے تین بچوں جبرائیل ، میکائیل اور بچی امہ ہانی اور اہلیہ ندا رضوی کی جان لے لی تھی۔