فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں مسلح افراد نے تھانے میں گھس پر حوالات میں بند مخالفین پر فائرنگ کر کے 3 ملزمان کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے صدر تھانے کے حوالات میں بند مخالفین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حوالات میں بند 3 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حوالات میں بند ملزمان 3 افراد کے قتل کے مقدمے میں گرفتار تھے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان بھائی تھے جبکہ زخمی ہونے والا ملزم ان کا کزن تھا۔
سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانے کی سکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے کے واقعے میں 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، ملزمان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے اور ان ساتھی حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیا ہے، معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی اسپیشل برانچ فیصل علی راجہ انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت اور اے آئی جی کمپلینٹس احسان اللہ چوہان انکوائری کمیٹی میں شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی تھانہ صدر تاندلیانوالہ پر حملے اور سکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔