بلوچستان: پنجگور میں فائرنگ کے 2 واقعات میں 3 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فائرنگ کے 2 الگ الگ واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پنجگور کے ڈپٹی کمشنر زاہد لانگو نے صحافیوں بات کرتے ہوئے بتایا 2 افراد کو پنجگور کے علاقے گومازین میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا دوسرا واقعہ زاندیان داز کے علاقے میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کو ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ان ہلاکتوں کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب صوبے میں عمومی طور پر سیکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہے۔

جمعہ کو قلات کے علاقے کلی ملکئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کر دیا تھا، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔

بدھ کے روز کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے رکنِ صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔

گزشتہ ہفتے کوئٹہ، خاران، سوراب اور اوتھل میں مختلف واقعات میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے تھے۔