بلوچستان کے ضلع ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں عبدالجبار مارکیٹ کے قریب زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق لیویز رسالدار قلعہ عبداللہ گلاب خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دھماکا مارکیٹ کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔
دھماکے کے بعد لیویز اور موقع پر موجود افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹر قلعہ عبداللہ منتقل کیا گیا جہاں سے زخمیوں کے ورثا نے چند زخمیوں کو اپنی ذاتی گاڑیوں میں کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوگئے۔
دھماکے کے بعد پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے ہیں اور تفتیش کا آغاز بھی کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ رہاض داوڑ نے کہا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں جب کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹر قلعہ عبداللہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جہاں زخمیوں طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب، بلوچستان حکومت نے قلعہ عبداللہ گلستان مارکیٹ میں دھماکہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قلعہ عبداللہ گلستان مارکیٹ میں دھماکہ قابل مذمت ہے، شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کی شہادت پر دل شدید رنجیدہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ بلا شبہ قومی سلامتی کی جنگ ہے، دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، گلستان دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد انجام تک پہنچائیں گے۔
شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ترجمان صوبائی حکومت
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا تھا کہ قلعہ عبداللہ گلستان مارکیٹ میں دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیکورٹی فورسز موقع پر موجود، علاقے کو محاصرے میں لیکر شواہد اکٹھے کئے جاررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دلی افسوس ہے، شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جب کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ریاست عوام کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے۔