لاہور: ویمن پولیس اسٹیشن لاہور کی ایس ایچ او ثنیہ پر سنگین الزامات عائد ہوگئے، جب وہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی معاونت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں ڈکیتی کیس میں کچھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ واردات میں استعمال ہونے والا پستول ایک مخصوص گھر میں چھپایا گیا ہے۔ جب پولیس نے نشاندہی پر چھاپہ مارا تو حیرت انگیز طور پر اس گھر میں ویمن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او ثنیہ مقیم تھیں۔
چھاپے کے دوران پولیس نے ان کے گھر سے وہی پستول برآمد کیا جو واردات میں استعمال ہوا تھا۔ ثبوتوں کی بنیاد پر ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واقعے نے محکمہ پولیس میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اور اعلیٰ افسران نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔