کندھ کوٹ: بھنگوار اور بھٹو برادری میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

کندھ کوٹ میں بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

یہ واقعہ بڈانی ایٹ میانی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں دونوں برادریوں کے دو دو افراد کی جانیں گئیں۔

ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے اور شہر میں خوف و ہراس کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ 


گزشتہ روز گدھا گاڑی کے تنازعے کے بعد شروع ہونے والے اس تصادم کے بعد دونوں گروپوں نے مورچہ بند کر لیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں گشت بڑھایا جائے اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔