دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عیدسےقبل ریلیف نہ مل سکا۔
سزا کے خلاف اپیلوں پر خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی آج بھی پیش نہ ہوئے ،بشری بی بی کے وکیل کے دلائل مکمل ،سلمان اکرم راجہ نے بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی استدعا کی دی، آئندہ سماعت پر رضوان عباسی پیش نہ ہوئے تو فیصلہ سنا دیں گے ،جج شارخ ارجمند نے عندیہ دے دیا۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ اگر پراسیکیوشن آجائے اور بحث کرے تو میں بھی بحث کروں گا اور سزا معطلی کی استدعا کروں گا۔ٹرائل کورٹ نے ایمرجنسی میں سماعت کی۔ بیانات بھی مکمل نہ تھےملزمان کے بیانات کا پراسس بھی مکمل نہیں کیا گیا،جج نے استفسار کیا کہ رات گئے سماعتوں سے متعلق بھی کوئی فیصلہ موجود ہےوکیل نے بتایا کہ فیصلہ موجود نہیں ، ملزمان کی عدم موجودگی میں فرد جرم عائد کر دی جاتی ہے۔اس دوران سلمان اکرم راجہ بولے ٹرائل کورٹ نے ہمیں شواہد کابھی موقع نہیں دیا ۔نکاح لاہور میں ہوا اورکیس یہاں کردیاگیا۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے کہا اپیل میں سرکار کو فریق بنایا گیا مجھے اعتراض ہے ، اگر ثبوت نہیں تو کیس سے ملزمان کو ڈسچارج کردیاجاتاہے، وکیل سلمان اکرم بولے جان بوجھ کر رضوان عباسی پیش نہ ہوئےآج وقت ضائع ہوا دو سماعتوں کا نتیجہ کچھ نہیں نکلا،سلمان اکرم راجہ نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی استدعا کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے اگر رضوان عباسی آئندہ پیش نہ ہوئے تو فیصلہ سنا دیا جائے گا ،آئندہ سماعت پر اگر اپیل پر دلائل نہ دیے تو سزا معطلی پر دلائل سن لیں گے۔
عدالت نے آج کی سماعت کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا شکایت کنندہ کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں لگایا گیاآئندہ سماعت پر شکایت کنندہ حاضر نہ ہوئے تو سماعت ملتوی نہیں کی جائے گی ، عدالت نے کیس کی سماعت پندرہ اپریل تک ملتوی کر دی۔