برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرینڈے ڈو سول میں طوفانی بارش سے تباہی پھیل گئی جہاں 37 افراد ہلاک اور 70 سے زائد لاپتا ہوگئے ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی جنوبی ریاست میں ہونے والی بارش سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، یوروگوائے اور ارجنٹینا کی سرحد سے متصل ریاست میں 23 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ برازیل کے کئی شہر متاثر ہوچکے ہیں اور نظام زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ بینٹو گونکلیوز میں ایک اور ڈیم بھی تباہ ہونے کے دہانے پر ہے اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ریاست ریو گرینڈے ڈو سول میں گزشتہ برس ستمبر میں بھی طوفانی بارش ہوئی تھی اور سائیکلون کے نتیجے میں سیلاب سے 50 سے زائد افرد ہلاک ہوگئے تھے۔