ایمل ولی خان بلامقابلہ اے این پی کے مرکزی صدر اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ سلیم خان جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
اس کے علاوہ سردار حسین بابک سیکرٹری خارجہ امور اور انجینئر احسان سیکرٹری اطلاعات بن گئے، ڈاکٹر میرب اعوان پہلی بار مرکزی سیکرٹری برائے خواجہ سرا حقوق منتخب ہوئے، ایمل ولی کے مقابلے میں کسی نے پارٹی کی صدارت کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
یاد رہے کہ ایمل ولی خان سے قبل ان کے والد اسفندر یار ولی اے این پی کے مرکزی صدر تھے تاہم وہ گزشتہ کئی عرصے سے سیاسی سرگرمیوں سے دور ہیں اور انہوں نے رواں برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔
گزشتہ روز سابق سینیٹر زاہد خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اے این پی کی صوبائی کونسل کے اجلاس میں پارٹی کی نئی کابینہ تشکیل دی گئی تھی۔