پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نو مئی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے، خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب نے کہا کہ 9 مئی کو پورے پاکستان میں پُرامن اور بھرپور احتجاج کریں گے۔
پارلیمانی پارٹی کا اجلاس خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے ارکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور پارٹی قائدین نے شرکت کی ۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے عرصے بعد آج دوبارہ یہاں پی ٹی ائی پارٹی کا اجلاس ہو رہا ہے، یہاں تک پہنچنے کے لئے پارٹی قائدین اور کارکنان نے بہت کچھ برداشت کیا، ہمارے کارکنان اور قائدین کو جیل کی سلاخوں میں رکھا گیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی ائی نے کہا تھا آخری بال تک ہمت نہیں ہاریں گے، بانی پی ٹی ائی سے ملاقات میں انہوں نے اپنے باہمت کارکنان کو پیغام دیا تھا اور کارکنان کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہی ڈٹے رہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پورے پاکستان میں پرامن اور بھرپور احتجاج کریں گے، دھرنے کی کال صرف بانی چئیرمین ہی دے سکتے ہیں،ان سے مشاورت کے بعد شعیب شاہین کو تنظم سازی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے اسلام آباد پر قبضے کی توثیق کی جائی گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ اگر وفاق صوبے کے واجبات ادا نہیں کرتی تو خیبرپختونخوا حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کرے گی، مرکز میں دھرنا دیا جائے گا اور حکومت گرا دی جائے گی۔
پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کی مخالفت کردی
شبلی فراز اور رؤف حسن نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران شبلی فراز نے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی کے امورکا جاٸزہ لیا گیا، جن لوگوں نے الیکشن لڑے اور فارم 47 کی وجہ سے منتخب نہیں ہوئے انہوں نے کھل کا اپنا اظہار خیال کیا۔
شبلی فراز کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آٸی کے خلاف جھوٹے کیسز کے معاملات کا بھی جاٸزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز ایک سال سے جیل میں ہیں، ان کی ضمانتیں ہو رہی ہیں نہ کیسز آگے بڑھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آج اہم اور تاریخی فیصلہ دیا ہے، ہماری ناامیدی کو آج کے فیصلےسے حوصلہ ملا، سپریم کورٹ نے آج پھرعوام کو امید دکھاٸی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مخصوص نشستوں کو غیر آٸینی طریقے سے بانٹا گیا، غیرنماٸندہ حکومت برسراقتدار ہے، ہماری جنگ سیاسی اور قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں عدلیہ آزاد ہوجائے اس ملک کو ترقی کرنے سے کوٸی نہیں روک سکتا۔
شبلی فراز نے کہا کہ سعودی وفد یہاں ضرور موجود ہے لیکن پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوتی نظر نہیں آرہی، سعودی عرب نے ہمیشہ کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگاٸی میں پس چکے ہیں، مزید مہنگاٸی آئے گی، گندم سیکنڈل سب کے سامنے ہے، قانون اور آٸین اپنا راستہ بنائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت جیسے ملکی حالات ہیں اور غیر نمائندہ پارٹی حکومت میں ہے، اس سے وزیراعظم، صدر، وزرائے اعلیٰ کے الیکشن کے حوالے سے اخلاقی جواز ختم ہوگیا ہے، آگے سیاسی اور قانونی جنگ شروع ہونے جا رہی ہے، جس ملک میں عدلیہ کھڑی ہوجائے اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔