وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں دیکھ کر بہت افسوس ہوا تھا کہ کورسز جدید ٹیکنالوجی کے مطابق نہیں تھے، افسوس ہم کئی دہائیوں سے گھسے پٹے سسٹم پر چل رہے ہیں۔
لاہور میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج فار گرلز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمیں جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے نصاب کو بھی بدلنا ہوگا، مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنے نصاب میں تبدیلی لائے ہیں، اسکلز ڈیولپمنٹ کی تعلیم بالکل مفت دی جا رہی ہے، خواہش ہے کہ بچوں کو فارغ التحصیل ہونے سے پہلے نوکری مل جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ ن لیگ نے کبھی بچوں کے ہاتھ میں ڈنڈے اور پیٹرول بم نہیں دیے، ن لیگ نے کبھی بچوں کو سیکیورٹی فورسز کو ڈنڈے مارنا نہیں سکھایا، ہم نے بچوں کو یہ نہیں سکھانا کہ جلادو گرادو یا ماردو، جناح ہاؤس جا کر افسوس ہوا کہ اس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ لیپ ٹاپ، یوتھ لون، اسکالرشپ ہمیشہ ن لیگ نے دیے، اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی ہم نے شروع کیا، طلبہ کےلیے بائیک اسکیم لائے، ہائیکورٹ کے جج نے اسکیم روک دی، جج صاحب کہتے ہیں طلبہ یہ بائیک لے کر گرلز کالج کے سامنے جائیں گے، جب بچوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم دیے جاتے ہیں اس پر کوئی عدالت حرکت میں نہیں آئی۔