وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیسے ممکن تھا کہ ہمارے کشمیری بہن اور بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل سے متعلق وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کوآزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں کہ آزاد کشمیر کے عوام کوزیادہ ریلیف ملے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہا پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، عوام سے اپنے روابط میں مزید بہتری لائیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچے تھے۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ پچھلے دنوں جو ایک بہت تشویشناک دن تھے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں پر ایک تحریک چل رہی تھی، یقیناً اس میں ایسے افراد تھے جو اپنے جائز مطالبات کے لیے جمہوری انداز میں اپنا فریضہ ادا کررہے تھے۔ انہی میں بعض شرپسند عناصر ایسے بھی تھے جن کا مقصد تھا کہ ہم کسی طریقے سے آزاد کشمیر میں توڑ پھوڑ اور انسانی جانوں کا ضیاع اور جلاؤ گھیراؤ کریں۔