حکومت کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی ایک اور پیشکش، پی ٹی آئی عدالت کا کندھا استعمال کررہی ہے : احسن اقبال

حکومت نے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی ایک اور پیشکش کردی۔

حکومت نے سڑکیں چھوڑ کر ایوان میں آنے کی شرط لگادی ساتھ ہی مثبت اپوزیشن کرنے اور 2029 تک انتظار کرنے کا بھی کہہ دیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دروازے بامقصد مذاکرات کے لیے کھلے ہیں، 9 مئی کے واقعات کو قوم معاف نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی سیاست میں مارکھانے کے بعدعدالت کا کندھا استعمال کرتی ہے۔

دوسری جانب ایوان صدر سے بھی تحریک انصاف کو بات چیت کا پیغام دیا گیا۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی حاضر ہے پی ٹی آئی فیصلہ کرے مذاکرات کس سے کرنے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں کابینہ میں شامل ہونے کے لیے مسلم لیگ (ن) سے بات چل رہی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں کہا ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں،عوامی مفاد کے ہر کام میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں،پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپیں گے۔