لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ عمران خان جو فوجیوں کے قدموں میں بیٹھتا تھا آج سقوط ڈھاکا پر لوگوں کو گمراہ کررہا ہے، عمران نیازی فوج اور ان کے خاندانوں کو بدنام کررہا ہے۔
ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ذمہ داری پارٹی نے مجھے دی تھی وہ امانت آج شکریہ کے ساتھ پارٹی کے حوالے کردی ہے، اللہ تعالیٰ نے آج نواز شریف کو دوبارہ اسی منصب سے نوازا، آج پنجاب میں مریم نواز اور وفاق میں نواز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو بحال کرنے کی کوششیں جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنے والوں کے منہ کالے ہوگئے اور نواز شریف سرخ رو ہوگیا، جھوٹے کیس میں پاناما سے اقامہ میں سزا دی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ عمران خان جو فوجیوں کے قدموں میں بیٹھتا تھا اور آج سانحہ سقوط ڈھاکا پر پاکستان کے حوالے سے مجیب الرحمان اور دوسروں کا مقابلہ کررہا ہے، وہ گفتگو جو عمران خان نے لندن میں شہیدوں اور غازیوں کے بارے میں استعمال کی اگر کوئی یہ ویڈیو دیکھے تو اس کی زبان کاٹ دے، عمران نیازی فوج اور ان کے خاندانوں کو بدنام کررہا ہے، یہ فوجی وہ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو یتیم کردیا مگر لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں ترقی و خوشحالی واپس نہ آئی تو نہ کوئی سیاست دان ہوگا اور نہ کوئی جج، ججز محب وطن ہیں مگر کچھ کالی بھیڑیں موجود ہیں جن کے ذریعے عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کی، عمران خان نے گھڑیاں فروخت کیں، ججز سے کہنا چاہتا ہوں نواز شریف کے دور میں ضمانتیں نہیں ہوتی تھیں اور آج ضمانتیں ہورہی ہیں۔
شبہاز شریف نے کہا کہ میں عمران خان کی ذاتیات پر بات نہیں کرنا چاہتا مگر تم جس طرح افواج پاکستان کے خاندانوں کو سربازار رسوا کرنے میں لگے ہو یہ قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔