پاک-چین نئے فضائی مال بردار روٹ کا آغاز، پہلا طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ

  کراچی: چین اورپاکستان کے درمیان نئے فضائی مال بردارروٹ کا آغاز ہوگیا، کپڑے اور برقی آلات سے لدا پہلا طیارہ منگل کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔ 

رپورٹ کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان نئے مال بردارروٹ کا آغازہوگیا، جس کے تحت چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو اور کراچی کےدرمیان پرواز آپریٹ کی گئی۔

گوئی ژوکے صدر مقام گوئی یانگ سے ایک مال بردار جہاز کراچی پہنچا، 6گھنٹے پروازکے بعد طیارے کے ذریعے کئی ٹن سامان پہنچایا گیا، جس میں کپڑے اور الیکٹرونک آلات سمیت دیگر اشیا شامل تھیں۔

مذکورہ طیارے میں واپسی کی پرواز میں آبی حیات(مچھلی،کیکڑے)کی کھیپ روانہ کردی گئی، ذرائع کے مطابق نیا روٹ پاکستان کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) میں شامل ملک سے ملانے والا پہلا فضائی روٹ ہے۔

کراچی اور گوئی ژو کے درمیان نئے فضائی روٹ سےگوئی یانگ کو چین کے جنوب مغرب میں مال کی تقسیم کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی، روٹ سے پاکستان کی معیاری تازہ مصنوعات گوئی ژو پہنچنے کا وقت بھی کم ہوجائے گا۔