پاکستان حماس کی حکومت کو تسلیم کرے، حافظ نعیم الرحمن

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان حماس کی حکومت کو تسلیم کرے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطین میں بچوں، بیٹیوں کا قتل عام نہیں دیکھ سکتے، اسلامی دنیا کے حکمران بے حمیتی کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں، پاکستانی حکومت اسرائیل کو واضح پیغام دے کہ بہت ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فلسطین کی صورتحال پر اسلامی دنیا کے سربراہان کا اجلاس بلایا جائے، غزہ میں چالیس ہزار افراد شہید کردیے گئے، رفح میں انسانی المیہ پیدا ہوچکا ہے، ثابت ہوگیا اقوام متحدہ بے بس ادارہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے زور دیا کہ مسلم ممالک فلسطینیوں کے لیے بڑی تحریک کے لیے تیار ہوجائیں، مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے جدوجہد تیز کرنی ہوگی، غزہ میں اسرائیل کی تازہ ترین سفاکیت کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 31مئی کو اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منائیں گے، دو جون کو کراچی میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے ”غزہ ملین مارچ“ ہوگا، عوام سے اپیل ہے یوم احتجاج اور غزہ ملین مارچ میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں اور اسلام آبادمیں بیٹھے حکمرانوں کو جگائیں، غزہ پر مسلمان حکمرانوں اور عوام میں واضح تقسیم ہے۔